Wed, September 16, 2026

ملکی قرضوں میں 41 فیصد اضافہ، معیشت بہتر کرنے کے لیے اہم اقدامات جاری ہیں: وزیر خزانہ

ملکی قرضوں میں 41 فیصد اضافہ، معیشت بہتر کرنے کے لیے اہم اقدامات جاری ہیں: وزیر خزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کے قرضوں میں 41 فیصد اضافہ ضرور ہوا ہے، لیکن جیسے جیسے قرضوں کی ادائیگیاں ہوں گی، یہ صورتحال بہتر ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں معیشت میں بہتری آئی ہے، مہنگائی اور شرح سود میں کمی ہوئی ہے، اور مزید کمی کی توقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ نئے سرمایہ کاروں کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

محمد اورنگزیب کے مطابق حکومت نے کئی دہائیوں بعد ٹیرف اصلاحات کا آغاز کیا ہے اور رائٹ سائزنگ کے ذریعے حکومتی اخراجات کم کیے جا رہے ہیں۔ 400 سے زائد سرکاری محکموں میں اس پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ نہیں ڈالا جا سکتا، اسی لیے زرعی آمدنی کو بھی ٹیکس نیٹ میں لایا گیا ہے۔ ایف بی آر کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، اور اس کی اصلاحات کی نگرانی خود وزیراعظم کر رہے ہیں۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان کی معیشت پر عالمی اداروں کا اعتماد بھی بڑھا ہے۔ ریٹنگ ایجنسی فچ نے پاکستان کی ریٹنگ بہتر کی ہے اور جلد ایک اور ادارہ بھی مثبت ریٹنگ دے سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا سے تجارتی مذاکرات کے بعد برآمدات کے مواقع بڑھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایک ایسی معیشت کی بنیاد رکھنا چاہتی ہے جو جدت اور کاروبار کے نئے مواقع کو فروغ دے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شرح سود کے معاملات مکمل طور پر اسٹیٹ بینک کے اختیار میں ہونے چاہئیں۔

ٹیگز: