Wed, September 16, 2026

پی ایس ایل 10:لاہور قلندرز کا شاندار اسکور، کوئٹہ کیلئے 220 رنز کی دیوار

پی ایس ایل 10:لاہور قلندرز کا شاندار اسکور، کوئٹہ کیلئے 220 رنز کی دیوار

راولپنڈی :ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے دسویں سیزن کے چوتھے مقابلے میں لاہور قلندرز نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فتح کے لیے 220 رنز کا ٹارگٹ دے دیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں کوئٹہ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا۔ لاہور قلندرز نے بیٹنگ کا آغاز کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔

قلندرز کی جانب سے فخر زمان نے 67 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، جبکہ سیم بلنگز نے محض 19 گیندوں پر 50 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

عبداللہ شفیق اور ڈیرل مچل نے بالترتیب 37، 37 رنز اسکور کیے۔ دیگر بلے بازوں میں محمد نعیم نے 10 اور سکندر رضا نے 6 رنز کا اضافہ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے عقیل حسین اور ابرار احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فہیم اشرف اور عثمان طارق کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

یاد رہے کہ لاہور قلندرز کو اپنے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی، جبکہ کوئٹہ نے اپنے گزشتہ میچ میں پشاور زلمی کو 80 رنز سے شکست دی تھی۔

ٹیگز: