Wed, September 16, 2026

پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز 128 رنز پر ڈھیر، پشاور زلمی کو جیت کے لیے 129 رنز کا ہدف

پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز 128 رنز پر ڈھیر، پشاور زلمی کو جیت کے لیے 129 رنز کا ہدف

لاہور:پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے 14ویں میچ میں لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ہو گئی، اور پوری ٹیم محض 128 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پشاور زلمی کو فتح کے لیے 129 رنز درکار ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونے والے اس مقابلے میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو بظاہر ان کے حق میں گیا۔

لاہور قلندرز کا آغاز انتہائی خراب تھا اور صرف 34 رنز کے اسکور پر اس کی پانچ وکٹیں گر چکی تھیں۔ فخر زمان 10، آصف علی 5، عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے، اور ڈیرل مچل 2 رنز پر آؤٹ ہو گئے، جبکہ سیم بلنگز 9 رنز پر علی رضا کا شکار بنے۔

اس نازک صورتحال میں سکندر رضا نے کچھ مزاحمت دکھائی اور 37 گیندوں پر 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے شاہین آفریدی (16)، راشد حسین (13) اور حارث رؤف (10) کے ساتھ مل کر اسکور کو قابل دفاع بنانے کی کوشش کی۔

پشاور زلمی کی جانب سے الزاری جوزف سب سے کامیاب باؤلر رہے، جنہوں نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ لیوک ووڈ اور حسین طلعت نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ علی رضا اور عارف یعقوب نے بھی ایک، ایک شکار کیا۔

 

لاہور قلندرز اب تک چار میچز کھیل چکی ہے، جن میں دو فتوحات اور دو ناکامیاں شامل ہیں، اور وہ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے۔ پشاور زلمی نے بھی چار میچز میں سے صرف ایک جیتا ہے اور تین میں شکست کا سامنا کیا، اور وہ دو پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے۔

ٹیگز: