کراچی : پاک بھارت کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کے بعد ملک میں معاشی فضا بہتر ہونے لگی ہے، جس کا سب سے بڑا اثر سٹاک مارکیٹ پر دیکھنے کو ملا۔ سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے دن ہی غیر معمولی تیزی دیکھی گئی۔
مارکیٹ کھلتے ہی ہنڈرڈ انڈیکس میں 9 ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس 1 لاکھ 17 ہزار 104 پوائنٹس کی تاریخی سطح تک جا پہنچا۔ اتنی بڑی تیزی پر سٹاک مارکیٹ کا نظام ایک گھنٹے کے لیے عارضی طور پر روک دیا گیا تاکہ مارکیٹ کو مستحکم رکھا جا سکے۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج کے مطابق انڈیکس میں 8.48 فیصد کا زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔ بعد میں ایک گھنٹے کی معطلی کے بعد ٹریڈنگ دوبارہ شروع کر دی گئی۔ گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر بھی سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان تھا، جب انڈیکس 3647 پوائنٹس کے اضافے سے 1 لاکھ 7 ہزار 174 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ ادھر کرنسی مارکیٹ میں بھی اچھی خبر ملی ہے۔ امریکی ڈالر مزید 31 پیسے سستا ہو کر انٹربینک میں 281.40 روپے پر آ گیا ہے، جو معیشت میں بہتری کا اشارہ ہے۔