آسٹن: خلائی تحقیق سے وابستہ کمپنی اسپیس ایکس کے شیئرز پہلی مرتبہ عوامی سطح پر فروخت کے لیے پیش کیے جانے کے بعد ایلون مسک دنیا کے پہلے ٹریلین ڈالر پونجی رکھنے والے شخص بن گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ابتدائی عوامی پیشکش (IPO) کے دوران کمپنی کے شیئرز 135 ڈالر فی حصص کے حساب سے فروخت ہوئے، جس کے نتیجے میں ایلون مسک کی مجموعی دولت ایک ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر گئی۔
اس پیشکش کے ذریعے اسپیس ایکس نے تقریباً 75 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کی، جس کے بعد کمپنی کی مجموعی مارکیٹ ویلیو 1.77 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
امریکی وقت کے مطابق جمعے کے روز مارکیٹ کھلنے کے بعد اسپیس ایکس کے شیئرز کی ٹریڈنگ “SPCX” کے نام سے شروع ہوئی۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ شیئرز کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کی صورت میں ایلون مسک کی مجموعی دولت بھی کم ہو سکتی ہے اور وہ دوبارہ ٹریلین ڈالر کی حد سے نیچے آ سکتے ہیں۔
فوربز کی رپورٹ کے مطابق آئی پی او سے قبل ایلون مسک کی مجموعی دولت کا تخمینہ تقریباً 813 ارب ڈالر لگایا گیا تھا۔