لاہور: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں، سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
ادارے نے کہا ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال پہلے سے جاری موسمی تجزیات کے مطابق ہے، جس کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق متعلقہ وفاقی، صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ خطرات سے بروقت آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع جن میں راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، سرگودھا، ساہیوال، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور دیگر علاقے شامل ہیں، میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، چارسدہ، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، غذر، دیامر، نیلم ویلی، مظفرآباد اور دیگر حساس مقامات پر بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے اضلاع ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو اور ڈیرہ بگٹی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی توقع ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ 13 سے 15 جون کے دوران شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، دیامر، اپر اور لوئر چترال، سوات، کالام اور بحرین سمیت مختلف وادیوں میں مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ موجود ہے۔
بارشوں اور برفانی علاقوں میں پگھلاؤ کے باعث اہم شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے کے مطابق قراقرم ہائی وے، اسکردو روڈ، دیوسائی روڈ اور دیگر پہاڑی راستوں پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بندش کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے اور سیاحوں و مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی تازہ صورتحال ضرور چیک کریں۔
عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ بروقت معلومات اور حفاظتی ہدایات کے لیے این ڈی ایم اے کی موبائل ایپ “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” سے رہنمائی حاصل کریں۔