اسلام آباد: پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے پاک ،امریکہ ،ایران سہ فریقی مذاکرات نے جہاں عالمی سفارت کاری میں نئے باب روشن کیے ہیں، وہی سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے اسے قومی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔
اپنے ایک اہم بیان میں مریم اورنگزیب نے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈمارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی دور اندیشی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ سفارتکاری محض ایک تقریب نہیں بلکہ ایک مسلسل اور سنجیدہ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عسکری اور سیاسی قیادت کی مؤثر حکمتِ عملی کی بدولت آج پاکستان کی سفارتی طاقت کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے گزشتہ چار روز کے دوران عالمی وفود کے لیے کیے گئے فول پروف انتظامات اور پیشہ ورانہ میزبانی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے خود کو ایک غیر جانبدار اور قابلِ اعتماد مذاکرات کار کے طور پر ثابت کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مذاکرات کے نتائج سے خطے میں استحکام اور عالمی امن کو فروغ ملے گا۔
دوسری جانب، سمندر پار پاکستانیوں نے بھی اس سفارتی کامیابی پر بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا ہے۔ تارکینِ وطن کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اس فعال حکمتِ عملی نے عالمی سطح پر ان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ مریم اورنگزیب کے مطابق، یہ اس بات کا واضح پیغام ہے کہ ملک کا مستقبل ایک دور اندیش قیادت کے محفوظ ہاتھوں میں ہے۔
سینئر وزیر نے اپنے بیان کا اختتام "پاکستان ہمیشہ زندہ باد" کے نعرے سے کیا، جو کہ قوم کے عزم اور کامیابیوں کا مظہر ہے۔