اسلام آباد: قومی اسمبلی نے "معرکہ حق" میں دشمن کے خلاف حاصل ہونے والی تاریخی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر مسلح افواج کی خدمات اور شہداء کی قربانیوں کے اعتراف میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کر لی ہے۔
وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں قرارداد پیش کی، جس میں "معرکہ حق" کے دوران پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات مندی کو سراہا گیا۔ ایوان نے بلا امتیازِ وابستگی اس قرارداد کی مکمل حمایت کی۔
قرارداد میں دو ٹوک الفاظ میں کہا گیا کہ "ایوان شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے اور پوری قوم کو اپنے شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے۔
معرکہ حق" میں کامیابی پر مسلح افواج کی قیادت اور جوانوں کو ان کی بہترین جنگی حکمتِ عملی پر زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ ایوان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کے دفاع اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پوری پارلیمان سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے قرارداد کو رائے شماری کے لیے پیش کیا تو پورے ایوان نے متفقہ طور پر اس کی منظوری دی، جس کے بعد ایوان میں شہداء کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے۔