لاہور: پنجاب اسمبلی نے قومی شناختی کارڈز پر خون کے گروپ کی معلومات درج کرنے سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
قرارداد رکن اسمبلی احمد اقبال چوہدری نے پیش کی، جس میں کہا گیا کہ حادثات اور ہنگامی صورتحال میں مریض کے بلڈ گروپ کی فوری معلومات نہ ہونے سے علاج میں تاخیر اور جانی نقصان ہوتا ہے۔
ایوان نے وفاقی حکومت اور نادرا سے سفارش کی کہ شناختی کارڈز پر بلڈ گروپ کی تفصیل شامل کرنے کے اقدامات کیے جائیں تاکہ ایمرجنسی حالات میں بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
احمد اقبال چوہدری نے اسے عوامی مفاد میں ایک اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے بے شمار انسانی جانیں بچائی جا سکیں گی۔