کراچی: سندھ اسمبلی نے معرکہِ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر پاک فوج اور فضائیہ کی عظیم الشان کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کی ناکامیوں کے لرزہ خیز اعداد و شمار پیش کیے۔
بھارتی فالس فلیگ آپریشن: وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ پہلگام کا واقعہ بھارت کا ایک سوچی سمجھی سازش اور فالس فلیگ آپریشن تھا، جسے پاکستانی قوم نے اتحاد کے ذریعے ناکام بنا دیا۔ایوان کو بتایا گیا کہ اس معرکے کے دوران پاک فضائیہ نے جرات کی نئی داستان رقم کرتے ہوئے بھارت کے 8 جنگی جہاز مار گرائے، جن میں جدید ترین رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ بھارتی فوج کے 77 سے زائد ڈرونز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
مراد علی شاہ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ "رافیل جہاز بلاشبہ بہت اچھا ہے لیکن اسے اڑانے کے لیے جس دل و گردے کی ضرورت ہے وہ بھارتیوں کے پاس نہیں"۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارت کے مزید 74 طیارے فضا میں ہمارے نشانے پر تھے، جنہیں پاک فضائیہ کے شاہین کسی بھی وقت گرا سکتے تھے۔ قرارداد میں بلاول بھٹو زرداری کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مقدمہ نہایت دلیری اور مہارت سے لڑا اور دشمن کے پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا۔