تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایران اپنے قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، تہران نے امریکی صدر کی پسند و ناپسند کو غیر اہم قرار دے دیا ہے۔
صدر مسعود پزشکیان نے اپنے دوٹوک بیان میں کہا کہ دشمن کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ایران مذاکرات کی میز پر آتا ہے تو اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ وہ ہتھیار ڈال رہا ہے یا پسپائی اختیار کر رہا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر صدر ٹرمپ ایران کے جواب سے خوش نہیں ہیں، تو یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ایران نے اپنے حقوق کا بہتر دفاع کیا ہے۔ ایران میں قومی پالیسیاں امریکی صدر کو خوش کرنے کے لیے نہیں بنائی جاتیں۔ تہران کی جانب سے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ امریکی صدر کے ردعمل کی کوئی اہمیت نہیں ہے اور ایران اپنی دفاعی اور سیاسی حکمتِ عملی پر سختی سے قائم رہے گا۔