دنیا کی تمام مہذب اور پائیدار تہذیبوں نے ہمیں یہ سکھایا ہے کہ انسانی معاشرت کی بنیاد صرف جذبے یا محبت پر نہیں رکھی جا سکتی۔ محبت ایک فطری احساس ہے، مگر ایک پائیدار، منصف اور ترقی یافتہ معاشرہ صرف محبت سے نہیں، بلکہ اصولوں، ضابطوں اور باہمی احترام سے قائم ہوتا ہے۔ انسانی تاریخ کے عظیم ترین مفکرین نے ہمیشہ اس امر پر زور دیا ہے کہ اگر معاشرے کو انصاف، توازن اور امن کا گہوارہ بنانا ہے تو ہمیں انسانی جبلت کا احترام کرتے ہوئے قانون، اخلاق اور ذمہ داری جیسے تصورات کو اپنانا ہو گا۔ یونان کے عظیم فلسفی سقراط انسانی فہم و فراست کے قائل تھے۔ وہ کہتے ہیں An unexamined life is not worth living. غور و فکر کے بغیر گزاری ہوئی زندگی کا کوئی مقصد نہیں۔ سقراط کے نزدیک انسانی زندگی صرف خواہشات کی پیروی کا نام نہیں بلکہ ایک فکری، اخلاقی اور سماجی ذمہ داری ہے۔ محبت، اگر اصولوں کی روشنی میں نہ ہو، تو وہ خواہش بن جاتی ہے اور خواہش اندھی ہو سکتی ہے۔
سقراط کے شاگرد ارسطو نے معاشرتی فلسفے کو مزید واضح کیا۔ اس نے نظمِ اجتماعی یعنی Social Order کی بنیاد عدل، مساوات اور اخلاق پر رکھی۔ ارسطو کہتا ہے: Man is by nature a social animal. انسان فطری طور پر معاشرتی حیوان ہے۔ یہ سماجی فطرت اسی وقت نکھرتی ہے جب ہر فرد دوسروں کے حقوق کو اتنی ہی اہمیت دیتا ہے جتنی اپنے حقوق کو دیتا ہے۔
اسلامی نقطہ نظر میں محبت ایک خوبصورت جذبہ ہے، لیکن معاشرے کا حسن حقوق و فرائض کے توازن، عدل، اور احترامِ انسانیت میں ہے۔ قرآن پاک میں ارشاد باری تعالیٰ ہے: اور ہم نے بنی آدم کو عزت بخشی۔ (سور الاسرا: 70)۔ اسلام صرف عبادات پر نہیں بلکہ معاشرتی اخلاقیات پر بھی زور دیتا ہے۔ حضرت محمدﷺ نے فرمایا: تم میں سے بہتر وہ ہے جو اپنے اہلِ خانہ کے لیے بہتر ہے۔ (ترمذی)۔ یہ قول ہمیں سکھاتا ہے کہ محبت کا مظاہرہ فقط زبانی کلامی نہیں بلکہ عملی رویوں، عدل، رواداری اور تحمل میں ہونا چاہیے۔
مولانا جلال الدین رومی نے محبت کو فطری جذبے کے طور پر بیان کیا، مگر اس جذبے کی بنیاد روحانیت، اخلاق اور فطرت سے ہم آہنگی پر رکھی۔ وہ فرماتے ہیں:Dont plant anything but love in this pure earth. ”اس پاک زمین میں صرف محبت بو، لیکن وہ محبت جو دلوں کو آزاد رکھے، قید نہ کرے“۔ رومی کی تعلیمات ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ محبت، اگر دوسروں کی آزادی اور شخصیت کا گلا گھونٹے، تو وہ خود غرضی بن جاتی ہے، عشق نہیں۔
جدید نفسیات کے بانیوں میں شمار ہونے والے کارل راجرز نے انسان کے جذبات، خودی اور شخصیت کی آزادی پر زور دیا۔ ان کے نظریات میں سب سے اہم تصور ہے:Unconditional Positive Regard ”غیر مشروط عزت دینا“۔ راجرز کے مطابق ایک انسان کو سمجھنے اور قبول کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم اسے اس کی اصل حالت میں تسلیم کریں، نہ کہ اپنی مرضی سے اس کی شخصیت کو ڈھالنے کی کوشش کریں۔ جب ہم کسی کو اپنی مرضی کے سانچے میں قید کرتے ہیں، تو ہم اس کی فطرت کو مسخ کرتے ہیں۔
محبت ایک نرم اور لطیف جذبہ ہے، مگر معاشرتی نظام کی گاڑی صرف محبت سے نہیں چل سکتی۔ معاشرتی انصاف، رواداری، اور اصولی رویہ وہ بنیادی ستون ہیں جو سماج کو ٹوٹنے سے بچاتے ہیں۔ ایک شخص کسی سے محبت کرے، یہ اس کا حق ہے۔ مگر اس محبت میں اگر دوسرا فرد، اس کی آزادی، اس کی سوچ، اس کی شخصیت یا اس کا دائرہ اختیار قربان ہو رہا ہو، تو یہ محبت نہیں، خود غرضی ہے۔ انسانی معاشرہ اسی وقت پروان چڑھتا ہے جب افراد ایک دوسرے کے قانونی، اخلاقی اور فطری حقوق کا خیال رکھتے ہیں۔
محبت ایک خوبصورت آغاز ہو سکتا ہے، لیکن صرف محبت کافی نہیں۔ ایک پائیدار معاشرہ تب ہی جنم لیتا ہے جب اس میں قانون کا احترام ہو، ہر فرد کے حقِ آزادی کو تسلیم کیا جائے، برابری اور رواداری کو فروغ دیا جائے، فطرت جبلت اور شخصیت کا احترام کیا جائے اور سب سے بڑھ کر، ہر تعلق میں ذمہ داری کا عنصر شامل ہو۔ مولانا رومؒ کے بقول ”محبت وہ نہیں جو قید کرے، محبت وہ ہے جو آزاد کرے“۔
انسان فطری طور پر آزادی کا خواہشمند ہے۔ ہر دل، ہر ذہن اور ہر روح یہ چاہتی ہے کہ وہ اپنے فیصلے خود کرے، اپنے راستے کا تعین خود کرے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ہر آزادی، انسان کو نجات دیتی ہے؟ کیا آزادی، بغیر ذمہ داری کے، حقیقتاً آزادی کہلانے کے لائق ہے؟ فلسفہ ہمیں سکھاتا ہے کہ آزادی بذاتِ خود ایک بوجھ بھی ہو سکتی ہے اگر اس کے ساتھ شعور، فہم اور اخلاقی بصیرت شامل نہ ہو۔ ژاں پال سارتر نے کہا تھا: ”انسان آزادی کے لیے پیدا ہوا ہے، لیکن اس آزادی کی قیمت بھی ہے ذمہ داری ہے“۔ ہر وہ عمل جو ہم اپنی مرضی سے کرتے ہیں، اس کے اثرات صرف ہم پر نہیں، دوسروں پر بھی ہوتے ہیں۔ اسی لیے آزادی کا اصل مفہوم یہ ہے کہ ہم اپنی خواہشات کو اخلاق، قانون اور سماجی فلاح کے ساتھ ہم آہنگ کریں۔ سقراط نے اسی لیے کہا تھا: ”جاننا ہی نیکی ہے اور لاعلمی ہی برائی کی جڑ ہے“۔
اسلامی تعلیمات بھی یہی درس دیتی ہیں کہ فرد کی آزادی کا دائرہ وہیں ختم ہوتا ہے جہاں دوسرے کے حق کا آغاز ہوتا ہے۔ قرآن ہمیں امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا حکم دیتا ہے، یعنی اچھائی کا حکم دینا اور برائی سے روکنا، یہ ذمہ داری کی اعلیٰ مثال ہے۔ زندگی ایک انتخاب ہے۔ ہر لمحہ ہمیں سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ ہم کس طرف جا رہے ہیں۔ مولانا رومی نے کہا تھا: ”تم وہی ہو جو تم سوچتے ہو“۔ تو اگر ہم اپنی سوچوں کو آزاد، مگر باشعور رکھیں، تو یہی انسانی ارتقا ہے۔ آخر میں، یہ سمجھنا ضروری ہے کہ آزادی ایک درخت ہے، مگر اس کا پھل صرف ذمہ داری، اخلاق اور شعور کی مٹی میں ہی پروان چڑھتا ہے۔ بصورتِ دیگر، آزادی محض خود غرضی کا دوسرا نام بن جاتی ہے۔