برسبین: ٹی 20 ورلڈ کپ میں آسٹریلوی باؤلرز نے تباہی مچا دی، 182 رنز کے تعاقب میں آئرش بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ نیتھن ایلس اور ایڈم زمپا کے قہر نے آئرلینڈ کی پوری ٹیم کو 17 ویں اوور میں ہی پویلین بھیج دیا۔آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آئرلینڈ کو 182 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا، جس کے بوجھ تلے آئرش بلے باز دب کر رہ گئے۔ آسٹریلوی باؤلنگ اٹیک کے سامنے آئرلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی مزاحمت نہ کر سکا اور پوری ٹیم 115 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
آسٹریلیا کی اس فتح کے معمار نیتھن ایلس اور ایڈم زمپا رہے۔ نیتھن ایلس نے آئرش ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ایڈم زمپا نے اپنی جادوئی اسپن سے مڈل آرڈر کو ٹھکانے لگایا اور 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
شاندار کارکردگی پر نیتھن ایلس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس فتح نے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کی دوڑ کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔