ایڈیلیڈ :ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں بھی آسٹریلیا نے انگلینڈ کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں کینگروز نے انگلش ٹیم کو 82 رنز سے ہرا دیا، جس کے بعد پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا نے تین صفر کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی۔
انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 435 رنز کا ہدف ملا تھا، تاہم مہمان ٹیم چوتھی اننگز میں 352 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ زیک کرالی نے 85 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، جیمی اسمتھ نے 60 جبکہ وِل جیکس 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے میچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور نیتھن لیون نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں 371 اور دوسری اننگز میں 349 رنز بنائے، جب کہ انگلینڈ کی پہلی اننگز 286 رنز تک محدود رہی۔
سیریز کا چوتھا ٹیسٹ 26 دسمبر کو میلبورن میں کھیلا جائے گا، تاہم آسٹریلیا کی سیریز میں برتری فیصلہ کن ہو چکی ہے۔