پاکستان کی ریاستی و حکومتی ساخت کو درپیش چیلنجز کوئی راز نہیں،مالیاتی دباؤ، توانائی بحران، ادارہ جاتی کمزوریاں، سکیورٹی خدشات اور عالمی سطح پر مسابقتی دباؤ، یہ سب وہ عوامل رہے ہیں جنہوں نے ریاستی نظم و نسق کو طویل عرصہ آزمائش میں رکھا۔ مگر حالیہ برسوں میں اصلاحات کی جو منظم، دستاویزی اور ادارہ جاتی صورت سامنے آئی ہے، وہ اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ پاکستان محض بحرانوں سے نمٹنے والی ریاست نہیں رہا بلکہ ایک ابھرتی ہوئی معاشی و معاشرتی ریاست کے طور پر اپنی سمت متعین کر رہا ہے۔
پاکستان ریفارمز رپورٹ 2026 اسی ارتقائی سفر کی ایک مدلل اور شواہد پر مبنی جھلک پیش کرتی ہے جو اعلانات سے عملدرآمد تک کی حکمتِ عملی کی تبدیلی ہے۔ماضی میں پاکستان کی پالیسی سازی پر ایک بڑا اعتراض یہ رہا کہ اصلاحات کا اعلان تو ہو جاتا تھا مگر ان کا ادارہ جاتی تسلسل اور عملی نفاذ کمزور رہتا تھا۔ اس رپورٹ کی سب سے بڑی اہمیت یہی ہے کہ یہ بیانیاتی دعووں کے بجائے عملی اقدامات کو ریکارڈ کرتی ہے۔ 135 وفاقی اداروں میں 600 سے زائد اصلاحات کا نفاذ اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاستی مشینری اب وقتی استحکام کے بجائے طویل المدتی ریاستی استعداد کی تعمیر پر مرکوز ہے۔ یہ تبدیلی حکومتی حکمتِ عملی کے ارتقاء کو ظاہر کرتی ہے، جہاں ہنگامی اقدامات کی جگہ نظام سازی، ڈیجیٹلائزیشن اور ادارہ جاتی مضبوطی نے لے لی ہے۔ اصلاحات کے حجم میں توانائی کا شعبہ سرفہرست رہنا محض اتفاق نہیں بلکہ حکومتی ترجیحات کا واضح اظہار ہے۔ پاکستان کی معاشی مشکلات میں توانائی گردشی قرضہ اور مہنگی بجلی کلیدی عوامل رہے ہیں۔آئی پی پیز معاہدوں کی ازسرِ نو تشکیل سے متوقع 1.4 کھرب روپے کی بچت نہ صرف مالیاتی دباؤ کم کرے گی بلکہ صنعتی لاگت، برآمدات اور سرمایہ کاری کے ماحول پر بھی مثبت اثر ڈالے گی۔مزید برآں ریکوڈک منصوبہ اور مقامی گیس و آف شور پالیسیز اس امر کی نشاندہی کرتی ہیں کہ پاکستان درآمدی انحصار سے نکل کر وسائل پر مبنی معاشی خودمختاری کی جانب بڑھ رہا ہے۔
مزید برآں ڈیجیٹل گورننس، شفافیت کی نئی بنیاد بھی ہے۔ 200 سے زائد اصلاحات کا ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے منسلک ہونا ایک انقلابی پیش رفت ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن صرف سہولت نہیں بلکہ طرزِ حکمرانی کی تبدیلی ہے۔اس کے اثرات کئی جہتوں میں نمایاں ہوتے ہیں جیسے صوابدیدی اختیارات میں کمی،کرپشن کے امکانات میں کمی، خدمات کی تیز تر فراہمی،عوامی رسائی میں اضافہ،ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی، ڈیجیٹل گورننس دراصل ریاست اور شہری کے تعلق کو ازسرِ نو تشکیل دیتی ہے جہاں طاقت کا ارتکاز کم اور شفافیت زیادہ ہوتی ہے۔قانون و انصاف کے شعبے میں نمایاں اصلاحات اس امر کی غماز ہیں کہ ریاست ادارہ جاتی استحکام کو معاشی ترقی کی بنیاد سمجھ رہی ہے۔ڈیجیٹل عدالتی نظام، مقدمات کے اندراج و ٹریکنگ، شکایات ازالہ نظام اور ریگولیٹری اصلاحات، یہ سب اقدامات Rule of Law کو مضبوط بناتے ہیں۔بین الاقوامی سرمایہ کار بھی انہی عناصر کو دیکھتے ہیں جیسے قانونی تحفظ، معاہدوں کا نفاذ، اور شفاف ریگولیٹری فریم ورک SDG-16 سے ہم آہنگی تک محض رپورٹنگ کا تقاضا نہیں بلکہ حکمتِ عملی کا اظہار ہے۔یہ ترجیح ظاہر کرتی ہے کہ حکومت نے ترقی کو صرف جی ڈی پی تک محدود نہیں رکھا بلکہ ادارہ سازی،احتساب، معلومات تک رسائی شفافیت اور عوامی اعتمادکو پائیدار ترقی کی بنیاد تسلیم کیا ہے۔ یہی وہ ستون ہیں جو معاشی ترقی کو معاشرتی استحکام سے جوڑتے ہیں۔
مشکل حالات میں اصلاحات ریاستی عزم کا ثبوت ہیں۔ 2025 کا سال پاکستان کیلئے آسان نہیں تھا۔مالیاتی دباؤ، علاقائی کشیدگیاں، داخلی سکیورٹی مسائل، یہ سب اصلاحاتی رفتار کو سست کر سکتے تھے۔ مگر اس کے برعکس اصلاحات کا تسلسل برقرار رہا۔یہ امر ظاہر کرتا ہے کہ اصلاحات کسی سیاسی دور کی وقتی ترجیح نہیں بلکہ ریاستی پالیسی کی مستقل سمت بن چکی ہیں۔پاکستان کی ایک دیرینہ کمزوری پالیسی تسلسل کا فقدان رہا ہے۔ حکومتیں بدلتی رہیں مگر اصلاحات کا ریکارڈ اور تسلسل ٹوٹ جاتا تھا۔ریفارمز رپورٹ جیسے اقدامات ایک Institutional Memory تشکیل دیتے ہیں۔ اس کے فوائد دور رس ہیں۔پالیسیوں کا تقابلی جائزہ، کامیاب ماڈلز کی توسیع،ناکام تجربات سے سیکھنا اور عالمی اداروں سے مؤثر مکالمہ, یہ عمل ریاست کو شخصیات سے نکال کر اداروں میں منتقل کرتا ہے۔ شفاف دستاویز بندی کا ایک بڑا فائدہ عالمی سطح پر اعتماد کی بحالی ہے۔جب اصلاحات ڈیٹا، شواہد اور نتائج کے ساتھ پیش کی جاتی ہیں تو سرمایہ کار رسک کم محسوس کرتے ہیں جبکہ ترقیاتی ادارے شراکت بڑھاتے ہیں،عالمی انڈیکسز میں بہتری آتی ہے اور سفارتی بیانیہ مضبوط ہوتا ہے۔یوں گورننس اصلاحات معاشی سفارتکاری کا بھی مؤثر ذریعہ بن جاتی ہیں۔
یہ اصلاحات صرف معیشت تک محدود نہیں بلکہ صحت، تعلیم، سماجی تحفظ، ڈیجیٹل خدمات یہ سب ریاست کے سماجی چہرے کو مضبوط کرتے ہیں۔ جب شہری کو بروقت انصاف،ڈیجیٹل سہولت، شفاف خدمات اور سماجی تحفظ میسر آتا ہے تو ریاست پر اعتماد بڑھتا ہے اور یہی اعتماد معاشرتی استحکام کی بنیاد بنتا ہے۔پاکستان کو‘‘ابھرتی ہوئی ریاست’’کہنا ماضی میں زیادہ تر سفارتی یا بیانیاتی اصطلاح سمجھا جاتا تھا۔ مگر جب توانائی ڈھانچہ اصلاح ہو،ڈیجیٹل گورننس پھیلے،قانون کی حکمرانی مضبوط ہو،ادارہ جاتی شفافیت بڑھے اور وسائل پر مبنی سرمایہ کاری آئے تو یہ اصطلاح حقیقت کا روپ دھار لیتی ہے۔چیلنجز اب بھی موجود ہیں لیکن یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ اصلاحات نے تمام مسائل حل کر دیے۔ عملدرآمد کا تسلسل، صوبائی ہم آہنگی، بیوروکریٹک مزاحمت اور سیاسی استحکام، یہ سب عوامل آئندہ سفر کو متاثر کریں گے۔مگر اہم بات یہ ہے کہ سمت درست ہو چکی ہے۔
اب ہم بڑے وثوق سے یہ کہ سکتے ہیں کہ پاکستان ریفارمز رپورٹ 2026 دراصل اعداد و شمار کی فہرست نہیں بلکہ ریاستی ارتقا کی روداد ہے۔ یہ ظاہر کرتی ہے کہ حکومت نے بحران مینجمنٹ سے اسٹیٹ بلڈنگ کی طرف رخ کیا، ڈیجیٹلائزیشن کو شفافیت کا ہتھیار بنایا، توانائی اصلاحات کو معاشی بحالی سے جوڑااور قانون و انصاف کو ترقی کی بنیاد تسلیم کیا جبکہ ادارہ جاتی دستاویز بندی کو پالیسی تسلسل کا ذریعہ بنایا۔ اگر یہی رفتار برقرار رہی تو پاکستان نہ صرف معاشی بلکہ معاشرتی اعتبار سے بھی ایک مضبوط، بااعتماد اور ابھرتی ہوئی ریاست کے طور پر عالمی منظرنامے پر نمایاں ہو سکتا ہے۔غرض اصلاحات کا یہ سفر ابھی مکمل نہیں مگر سمت، سنجیدگی اور ریاستی عزم یہ بتانے کیلئے کافی ہیں کہ پاکستان اب محض مسائل کی کہانی نہیں، بلکہ حل کی حکمتِ عملی بھی بن چکا ہے۔