Wed, September 16, 2026

ورلڈ کپ کے لیے ابھی تک تو میں ہی کپتان ہوں، شاہین آفریدی

ورلڈ کپ کے لیے ابھی تک تو میں ہی کپتان ہوں، شاہین آفریدی

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ فی الحال ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کی قیادت ان کے پاس ہے، جبکہ نیشنل چیمپئنز کپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ ورلڈ کپ سکواڈ کے انتخاب میں معاون ثابت ہوگا۔

ملتان میں نیشنل چیمپئنز کپ کی ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں شریک کھلاڑیوں کی کارکردگی کو جانچنے کا اچھا موقع ملے گا۔ ان کے مطابق چیمپئنز کپ کی پرفارمنس کی بنیاد پر ورلڈ کپ کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب میں آسانی ہوگی۔

پاکستان گرینز کے کپتان شاداب خان طبیعت ناساز ہونے کے باعث ٹرافی رونمائی کی تقریب اور میڈیا سے گفتگو میں شریک نہیں ہوسکے، ان کی جگہ فہیم اشرف نے ٹیم کی نمائندگی کی۔

نیشنل چیمپئنز کپ کا آغاز 11 اگست سے ہوگا اور ٹورنامنٹ 18 اگست تک ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں جاری رہے گا۔ ایونٹ میں پاکستان گرینز، پاکستان وائٹس، پاکستان بلوز اور پاکستان گولڈ کی ٹیمیں شریک ہیں۔

چاروں ٹیمیں سنگل راؤنڈ رابن فارمیٹ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی، جبکہ لیگ مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی دو پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں 18 اگست کو فائنل کھیلیں گی۔

ٹورنامنٹ میں شاداب خان پاکستان گرینز، صائم ایوب پاکستان وائٹس، صاحبزادہ فرحان پاکستان بلوز جبکہ شاہین شاہ آفریدی پاکستان گولڈ کی قیادت کریں گے۔

چیمپئنز کپ کے تمام میچز ڈے نائٹ ہوں گے اور ہر میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع کیا جائے گا۔

ٹیگز: