جکارتہ: انڈونیشیا نے پاکستان میں ہونے والے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک مثبت اور اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
انڈونیشیا کی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ ابتدائی مگر امید افزا قدم ہے جو تمام فریقین کو کشیدگی میں کمی لانے اور تنازعات کے پُرامن اور دیرپا حل کی طرف پیش رفت کی ترغیب دیتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ پیش رفت خطے میں استحکام کے لیے اہم ثابت ہو سکتی ہے۔ وزارت خارجہ نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل اختیار کریں اور صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام لازمی ہے جبکہ اختلافات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی ذرائع کو ترجیح دی جانی چاہیے۔