Wed, September 16, 2026

موسیقی کی دنیا میں دھماکہ، نمرہ مہرا کا گانوں کے حقوق غیر قانونی فروخت پر ردعمل

موسیقی کی دنیا میں دھماکہ، نمرہ مہرا کا گانوں کے حقوق غیر قانونی فروخت پر ردعمل

لاہور: پاکستان کی مقبول گلوکارہ نمرہ مہرا نے اپنی موسیقی کے ویڈیوز جاری کرنے والی کمپنی "بیانڈ ریکارڈز" پر دو سالوں سے ان کے حق کے ساتھ دھوکہ کرنے اور ان کے تمام گانے بغیر اجازت کسی اور کمپنی کو بیچ دینے کا انکشاف کیا ہے۔

نمرہ مہرا نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو میں بتایا کہ بیانڈ ریکارڈز نے پچھلے دو سالوں سے انہیں ایک پیسہ رائلٹی کے طور پر ادا نہیں کیا، اور ساتھ ہی ان کے گانوں کے حقوق کسی تیسری پارٹی کو غیر قانونی طور پر منتقل کر دیے گئے۔

انہوں نے کمپنی کے سی ای او جبران خان پر بھی الزام عائد کیا کہ انہوں نے انہیں گمراہ کیا اور حقائق سے مکمل طور پر لاعلم رکھا، جبکہ وہ خود اپنی میوزک ویڈیوز بنانے اور انٹرویوز دینے میں مصروف رہی۔

نمرہ کا کہنا ہے کہ تمام محنت اور کام کے باوجود کمپنی نے اپنی ملکیت کا جھوٹا دعویٰ کیا اور انہیں ان کے حق سے محروم رکھا۔

اگرچہ انہیں بارہا وعدے کیے گئے کہ ادائیگی اور معاہدے کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں گی، مگر مسلسل نظرانداز کیا گیا اور جب بھی انہوں نے حقوق یا ادائیگی کے بارے میں سوالات کیے تو کمپنی نے ٹال مٹول سے کام لیا۔

حال ہی میں انہوں نے یہ جان کر دنگ رہ گئی کہ ان کے گانوں کے تمام حقوق بغیر ان کی اجازت کے فروخت کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد انہوں نے قانونی کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نمرہ مہرا کے وکیل نے بیانڈ ریکارڈز کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے، اور انہوں نے تمام فنکاروں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے ساتھ کھڑے ہوں اور فنکاروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کریں۔

اب تک بیانڈ ریکارڈز کی جانب سے اس شدید الزام پر کوئی باضابطہ جواب سامنے نہیں آیا، جبکہ سوشل میڈیا پر نمرہ مہرا کی حمایت میں ہزاروں پیغامات آ چکے ہیں۔

ٹیگز: