Wed, September 16, 2026

پاکستانی اداکاروں کو بھارتی فلموں اور گانوں کے پوسٹرز سے ہٹادیا گیا

پاکستانی اداکاروں کو بھارتی فلموں اور گانوں کے پوسٹرز سے ہٹادیا گیا

نئی دہلی:بھارت نے پاکستانی اداکاروں کے ساتھ اپنی ثقافتی جنگ کو مزید تیز کرتے ہوئے ان کے پوسٹرز کو بھارتی فلموں اور گانوں سے ہٹا دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، یوٹیوب، سپاٹیفائے اور دیگر سٹریمنگ پلیٹ فارمز پر پاکستانی اداکاروں کے گانوں اور فلموں کے پوسٹرز سے ان کے چہرے نکال دیے گئے ہیں۔

سب سے پہلے ماورہ حسین کو فلم "صنم تیری قسم" کے پوسٹر سے ہٹایا گیا، اس کے بعد فواد خان، ماہرہ خان اور دیگر پاکستانی اداکاروں کو بھی بھارتی فلموں اور گانوں کے پوسٹرز سے نکال دیا گیا۔ فواد خان کو "کپور اینڈ سنز" اور "اے دل ہے مشکل" کے پوسٹرز سے ہٹا دیا گیا، جبکہ ماہرہ خان کو شاہ رخ خان کے ساتھ فلم "رئیس" کے پوسٹر سے نکال دیا گیا۔

بھارتی حکومت کے نئے حکم کے تحت، او ٹی ٹی پلیٹ فارمز اور یوٹیوب چینلز سے پاکستانی فنکاروں کے گانوں اور مواد کو ہٹایا جا رہا ہے۔ تاہم، ماہرہ خان کے گانے ابھی بھی یوٹیوب پر موجود ہیں، مگر ان کا پوسٹر اب فلم سے ہٹا دیا گیا ہے۔

یہ اقدامات اس وقت کیے جا رہے ہیں جب بھارت میں پاکستانی مواد پر پابندیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی حکام کی جانب سے 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے سیاحوں کے حملے کے بعد پاکستانی فنکاروں کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے تھے۔ بھارت نے پاکستانی فنکاروں، اسپورٹس شخصیات اور نیوز چینلز کو ٹارگٹ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر بھی پابندیاں عائد کی ہیں۔

ٹیگز: