اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہریوں کے سفری حقوق سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ کسی شہری پر سفری پابندی قانونی اختیار اور مقررہ طریقہ کار کے بغیر عائد نہیں کی جا سکتی۔
جسٹس محمد اعظم خان نے پانچ صفحات پر مشتمل فیصلے میں قرار دیا کہ بغیر قانونی تقاضے پورے کیے کسی شہری کا نام کنٹرول لسٹ میں شامل کرنا غیر قانونی اقدام ہے۔
عدالت نے شہری زین عتیق کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی ادارے شہریوں کے بنیادی حقوق کو متاثر کرنے والے اقدامات قانون کے مطابق کرنے کے پابند ہیں۔
فیصلے میں کہا گیا کہ کسی شخص کے بیرونِ ملک سفر کے حق کو محدود کرنے کے لیے واضح قانونی جواز اور مقررہ طریقہ کار پر عمل ضروری ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ اختیارات کا استعمال آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کیا جانا چاہیے۔