ممبئی: پاکستانی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی معروف بھارتی اداکارہ سارہ خان نے دوسری شادی کر لی۔ اداکارہ نے کرش پاٹھک سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کا اعلان کیا، جو پیشے کے اعتبار سے اداکار اور پروڈیوسر ہیں اور ان کی عمر سارہ خان سے چار سال کم ہے۔
سارہ خان نے اپنی شادی کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو خوشخبری دی۔ تصاویر میں اداکارہ کو شادی کا سرٹیفکیٹ پر دستخط کرتے اور اپنے شوہر کے ساتھ خوشگوار انداز میں دیکھا جا سکتا ہے۔
انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے سارہ خان نے لکھا، “دو مذاہب، ایک کہانی اور لامحدود محبت — اب یہ بندھن دستخطوں سے قائم ہو گیا ہے۔” انہوں نے مزید کہا، “قبول ہے سے سات پھیرے تک ہماری کہانی اس اتحاد کی علامت ہے جہاں عقائد جدا نہیں بلکہ ایک ہو جاتے ہیں۔”
یاد رہے کہ سارہ خان نے اپنی پہلی شادی 2010 میں ریئلٹی شو بگ باس کے دوران ساتھی اداکار علی مرچنٹ سے کی تھی، تاہم شادی زیادہ عرصہ قائم نہ رہ سکی اور دونوں میں جلد علیحدگی ہو گئی۔
اب 36 سالہ سارہ خان نے 32 سالہ کرش پاٹھک کے ساتھ زندگی کا نیا سفر شروع کر دیا ہے، جسے مداحوں کی جانب سے نیک تمناؤں کے ساتھ سراہا جا رہا ہے۔