اسلام آباد: پاکستانی اداکارہ نمرہ خان ایک بار پھر ازدواجی زندگی میں داخل ہوگئی ہیں اور انہوں نے اپنی شادی کی خوشی مداحوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر شیئر کر دی ہے۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر پیرس میں ہونے والے اپنے خصوصی فوٹو شوٹ کی تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ ہلکے گلابی رنگ کے خوبصورت مغربی طرز کے گاؤن میں نظر آئیں۔ ابتدائی تصاویر میں انہوں نے اپنے شوہر کی شناخت ظاہر نہیں کی تھی۔
بعد ازاں نمرہ خان نے اپنے نکاح کی تصاویر بھی پوسٹ کیں، جن میں ان کے دلہا واضح طور پر دکھائی دیتے ہیں۔ نکاح کے موقع پر اداکارہ نے سفید روایتی لباس کا انتخاب کیا جس پر سنہری کڑھائی کی گئی تھی، جبکہ ان کے شوہر سفید شلوار قمیض اور سنہری نقش و نگار والے کوٹ میں نظر آئے۔
اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوریز میں ایک کیک کی تصویر بھی شیئر کی، جس پر جہاز اور پائلٹ کے ساتھ دلہن کو دکھایا گیا تھا، جس سے ان کے شوہر کے پیشے کا عندیہ ملتا ہے۔
نمرہ خان کے مطابق ان کے شوہر پیشے کے لحاظ سے کیپٹن اور پائلٹ ہیں، تاہم انہوں نے ان کا نام ظاہر نہیں کیا۔
واضح رہے کہ یہ اداکارہ کی دوسری شادی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 2020 میں راجہ افتخار سے شادی کی تھی، جو کچھ ہی ماہ بعد ختم ہوگئی تھی۔