مکہ مکرمہ: خانہ کعبہ کا نیا غلاف یکم محرم 1447 ہجری کو انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ تبدیل کیا جائے گا۔ اس حوالے سے ایک خصوصی تقریب میں نیا غلاف مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے خانہ کعبہ کے نائب کلید بردار عبدالملک بن طحہ الشیبی کے سپرد کیا۔
اس اہم موقع پر سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ اور مسجد الحرام و مسجد نبوی کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین بھی موجود تھے۔ تقریب کے دوران غلافِ کعبہ سے متعلق دستاویزات پر باقاعدہ دستخط بھی کیے گئے۔
یاد رہے کہ ہر سال اسلامی سال کے آغاز پر، یکم محرم کو خانہ کعبہ کا غلاف روایتی انداز میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ یہ لمحہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے نہایت روح پرور اور اہم ہوتا ہے۔