مکہ مکرمہ :نئے اسلامی سال کے آغاز پر آج یکم محرم کو بیت اللہ کو نیا غلاف پہنایا جائے گا۔ یہ بابرکت تقریب نمازِ عصر کے بعد مسجد الحرام میں منعقد ہوگی، جس کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
غلافِ کعبہ کی تبدیلی کا عمل خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نمائندگی میں گورنر مکہ مکرمہ کی نگرانی میں انجام دیا جائے گا۔ اس موقع پر مسجد الحرام کے آئمہ، کسوہ فیکٹری کے ماہرین، اعلیٰ حکام اور خصوصی ٹیم موجود ہوگی۔
نیا غلاف 11 ماہ کی محنت سے تیار کیا گیا ہے، جس کا کل وزن 1415 کلوگرام ہے۔ اس میں 1000 کلو خالص ریشم، 120 کلو سونے اور 100 کلو چاندی سے بنے دھاگوں سے قرآنی آیات کی خوبصورت کشیدہ کاری کی گئی ہے۔ غلاف کو چار بڑے اور 47 چھوٹے ٹکڑوں پر مشتمل حصوں میں تیار کیا گیا ہے۔
تقریب کا آغاز نماز عصر کے بعد پرانے غلاف کے سنہری حصے اتارنے سے ہوگا، جب کہ نیا غلاف نماز عشاء کے بعد خانہ کعبہ پر چڑھایا جائے گا۔