لاہور: معروف صنعتکار ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ پاکستان میں صنعتی ترقی اور برآمدات کے فروغ کے لیے سستی بجلی ناگزیر ہے، جبکہ توانائی کی بلند قیمتیں صنعت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہیں۔
لاہور میں سولر ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایم تنویر نے کہا کہ اگر بجلی کی قیمتوں میں کمی لائی جائے تو صنعتوں کو فروغ ملے گا، پیداواری لاگت کم ہوگی اور ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ سستی بجلی صنعتی ترقی کی بنیاد ہے اور توانائی کی لاگت میں کمی کے بغیر صنعتی پہیہ مطلوبہ رفتار سے نہیں چل سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں مؤثر اصلاحات اور کم لاگت بجلی کی فراہمی ملکی معیشت کے استحکام اور صنعت کی مسابقت بڑھانے کے لیے ضروری ہے۔