Wed, September 16, 2026

شرح سود میں کمی کے بغیر معاشی بحالی ممکن نہیں، سٹیٹ بینک فوری اقدام کرے: ایس ایم تنویر

شرح سود میں کمی کے بغیر معاشی بحالی ممکن نہیں، سٹیٹ بینک فوری اقدام کرے: ایس ایم تنویر

لاہور: یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے پیٹرن ان چیف ایس ایم تنویر نے سٹیٹ بینک آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ مانیٹری پالیسی میں شرح سود کو سنگل ڈیجٹ پر لایا جائے تاکہ ملکی معیشت کو درپیش جمود ختم ہو اور صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں بہتری آ سکے۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری گزشتہ مانیٹری پالیسی سے امید لگائے بیٹھی تھی کہ اسٹیٹ بینک شرح سود میں کمی کرے گا، تاہم ایسا نہ ہو سکا۔ ان کے مطابق موجودہ ڈبل ڈیجٹ مارک اپ ریٹ نے کاروبار کے لیے سرمایہ حاصل کرنا مہنگا اور مشکل بنا دیا ہے، جس کے باعث صنعتی پیداوار، روزگار اور سرمایہ کاری کے رجحانات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

ایس ایم تنویر نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی استحکام کے لیے کی جانے والی کوششیں، خاص طور پر سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے اقدامات، سٹیٹ بینک کی سخت مانیٹری پالیسی کی وجہ سے مطلوبہ نتائج نہیں دے پا رہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ بلند شرح سود اور محدود مالیاتی رسائی، نجی شعبے کے لیے سنجیدہ چیلنج بن چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "سنگل ڈیجٹ مارک اپ ریٹ نہ صرف کاروباری لاگت کو کم کرے گا بلکہ مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کا سبب بھی بنے گا۔

ایس ایم تنویر نے سٹیٹ بینک پر زور دیا کہ وہ معاشی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسی میں فوری نرمی کرے تاکہ کاروباری برادری کو اعتماد ملے اور ملک کی معیشت ایک مثبت سمت میں گامزن ہو سکے۔

ٹیگز: