Wed, September 16, 2026

امریکا کو گرین لینڈ کا کنٹرول حاصل ہونا چاہیے، روس اور چین کو واضح پیغام: ٹرمپ

امریکا کو گرین لینڈ کا کنٹرول حاصل ہونا چاہیے، روس اور چین کو واضح پیغام: ٹرمپ

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کو گرین لینڈ کا مالک ہونا چاہیے تاکہ روس یا چین وہاں قبضہ نہ کر سکیں۔ گرین لینڈ کے معاملے پر روس اور چین کو سخت پیغام دیتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر امریکا نے گرین لینڈ حاصل نہ کیا تو روس یا چین امریکا کے اگلے پڑوسی بن سکتے ہیں، اور امریکا انہیں اپنا پڑوسی نہیں بننے دے سکتا۔

صدر ٹرمپ نے وینزویلا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین اور روس، امریکا سے وینزویلا کا تیل خرید سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وینزویلا اور امریکا کے پاس دنیا کے 55 فیصد تیل کے ذخائر موجود ہیں، جبکہ وینزویلا میں 100 ارب ڈالر تک سرمایہ کاری پر غور کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق وینزویلا کی تیل صنعت کی بحالی پر بات چیت ہوگی اور یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ کون سی تیل کمپنیاں وہاں جائیں گی۔ صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ تیل کمپنیاں امریکا سے براہ راست معاہدے کریں گی، وینزویلا سے نہیں۔

امریکی صدر نے ایک بار پھر پاک بھارت کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت سمیت آٹھ جنگیں رکوائیں۔ صدر ٹرمپ کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے دوران آٹھ طیارے گرائے گئے تھے، جبکہ پاکستانی وزیراعظم نے بھی اعتراف کیا کہ جنگ رکوانے سے لاکھوں جانیں بچیں۔

صدر ٹرمپ نے ایران کے معاملے پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران میں لوگوں کو قتل کیا گیا تو امریکا مداخلت کرے گا۔

ٹیگز: