Wed, September 16, 2026

"امن کا موقع ضائع نہیں ہونا چاہیے"؛ وزیراعظم شہباز شریف کا صدر ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کا خیرمقدم



اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف فوجی کارروائی مؤخر کرنے اور جنگ بندی میں توسیع کے اعلان کو خطے کے استحکام کے لیے ایک "فیصلہ کن پیش رفت" قرار دیا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کی درخواست پر مثبت ردِعمل دینے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ مہلت ایک دیرپا امن معاہدے کی راہ ہموار کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں خصوصی طور پر ذکر کیا ۔انہوں نے اپنی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان کی سول اور عسکری قیادت خطے میں امن کے قیام کے لیے مکمل ہم آہنگ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جنگ بندی میں توسیع پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے، جس کا مقصد دنیا کو ایک ہولناک جنگ سے بچانا ہے۔
وزیراعظم نے اسلام آباد میں ہونے والے آئندہ مذاکرات کے دور کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا  ہمیں قوی امید ہے کہ مذاکرات کے اس مرحلے میں فریقین ایک ایسے جامع معاہدے پر متفق ہو جائیں گے جو خطے میں کشیدگی کا مستقل خاتمہ کر دے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں فریقین جنگ بندی کا مکمل احترام کریں اور اس موقع کو ایک دوسرے پر اعتماد بحال کرنے کے لیے استعمال کریں۔
شہباز شریف نے عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کسی بھی صورت میں خطے میں امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اب عالمی سفارت کاری کا مرکز بن چکا ہے اور یہاں ہونے والے فیصلے آنے والی نسلوں کے مستقبل کا تعین کریں گے۔

ٹیگز: