اسلام آباد: پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں ایک کامیاب اور فوری کارروائی کرتے ہوئے 18 غیر ملکی عملے کو محفوظ طریقے سے ریسکیو کر لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ ریسکیو آپریشن اس وقت شروع کیا گیا جب تجارتی جہاز ایم وی گولڈ آٹم کی جانب سے ہنگامی صورتحال سے متعلق سگنلز موصول ہوئے۔
اطلاع ملتے ہی پاک بحریہ کی ٹیمیں فوری طور پر حرکت میں آئیں اور تیز رفتار کارروائی کرتے ہوئے جہاز پر موجود تمام 18 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ ریسکیو ہونے والے افراد میں چین، بنگلا دیش، میانمار، ویتنام اور انڈونیشیا کے شہری شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین نے پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ تربیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ آپریشن مکمل کیا۔ موقع پر موجود ٹیموں نے متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد دی اور آگ پر قابو پانے میں بھی مدد فراہم کی۔
مزید کہا گیا کہ تمام ریسکیو کیے گئے افراد کو محفوظ طور پر کراچی منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کی اپنے ممالک واپسی کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ سمندری حدود میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار اور مستعد ہے۔