وانا: وانا کیڈٹ کالج پر افغان خوارجیوں کا حملہ، سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں 115 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔ حملے کے وقت کالج میں تقریباً 650 افراد موجود تھے، جن میں 525 کیڈٹس شامل تھے۔ سکیورٹی فورسز نے فوراً علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کو ایک مخصوص عمارت تک محدود کر دیا، جس سے کیڈٹس کی جانوں کو بچایا جا سکا۔
ذرائع کے مطابق، حملہ آوروں نے کالج کے مرکزی دروازے پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں دروازہ تباہ ہو گیا اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ تاہم، پاک فوج کے جوانوں نے فوراً ردعمل دکھایا اور دو دہشت گردوں کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کا مکمل صفایا کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔ اس وقت کالج میں تقریباً 535 افراد موجود ہیں اور کیڈٹس کی جانوں کے تحفظ کے لیے آپریشن انتہائی احتیاط سے جاری ہے۔ افغان خوارجین جس عمارت میں محصور ہیں، وہ کیڈٹس کی رہائشی عمارتوں سے کافی دور ہے، جس سے کیڈٹس کی حفاظت میں مزید مدد ملی ہے۔
آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ کارروائیاں اور ہمت کی بدولت کیڈٹس اور دیگر افراد کو فوری طور پر محفوظ نکالنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔ سکیورٹی ذرائع نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور ان کا مقصد صرف معصوم قبائلی بچوں پر حملہ کرنا تھا۔دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری رہے گا، اور علاقے میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہونے کی امید ہے۔