اسلا م آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والا غزہ امن معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام کا ایک تاریخی موقع ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ غزہ میں جاری خونریزی کے خاتمے کے لیے ہونے والے اس معاہدے کا دل سے خیرمقدم کرتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ پیش رفت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امن کے لیے مستقل کوششوں کا نتیجہ ہے، جو عالمی سطح پر امن کے فروغ کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ قطر، مصر اور ترکی کے رہنماؤں نے اس معاہدے کو ممکن بنانے کے لیے جو کردار ادا کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام نے مشکل ترین حالات میں جس ہمت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا، دنیا کو انہیں سلام پیش کرنا چاہیے۔
وزیراعظم نے مسجدِ الاقصیٰ پر حالیہ اشتعال انگیز کارروائیوں کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ ایسے اقدامات امن کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔