نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر فلیمون یانگ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے حالیہ معاہدے کو سراہتے ہوئے اسے خطے میں امن اور استحکام کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں فلیمون یانگ کا کہنا تھا کہ وہ اس معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں، کیونکہ یہ دونوں ملکوں کے درمیان تناؤ میں کمی لانے کی ایک عملی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کا یہ اعلان اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اور بھارت خطے میں امن و سلامتی کے لیے سنجیدہ ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک اس معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ خطے میں مستقل امن کا ماحول پیدا ہو۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام باہمی تنازعات کو اقوام متحدہ کے قوانین اور چارٹر کے مطابق پرامن طریقے، یعنی مذاکرات اور سفارتکاری سے حل کیا جانا چاہیے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی اس معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ یہ قدم جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے قیام میں معاون ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ پاک بھارت جنگ بندی معاہدے پر عالمی برادری کی جانب سے مثبت ردعمل سامنے آ رہا ہے، جسے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان ایک بہتر مستقبل کی امید سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔