انقرہ: ترک صدر رجب طیب ایردوان نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی حالات اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
ترک ایوانِ صدر کے مطابق گفتگو میں ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کے نتیجے میں خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔
صدر ایردوان نے موجودہ صورتحال کو باعثِ تشویش قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت، توانائی اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ خطے کے تمام اہم ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ امن و استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں استحکام کے لیے بات چیت اور تعاون کے عمل کو مزید آگے بڑھایا جائے۔