لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کنٹرول لائن پر صورتحال بگڑنے، 78 بھارتی ڈرونز کی خلاف ورزی اور زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل حملوں میں اضافے کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔
پی سی بی کے ترجمان کے مطابق، ٹورنامنٹ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کیا گیا، جو موجودہ قومی سلامتی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے دیا گیا مشورہ تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی اور پوری کرکٹ برادری شہداء کے لواحقین اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، اور اس نازک موقع پر کرکٹ سے بڑھ کر قومی سلامتی کو ترجیح دینا اولین فرض ہے۔
پی سی بی نے ٹورنامنٹ کے انعقاد میں معاونت کرنے والے فرنچائز مالکان، براڈکاسٹرز، اسپانسرز، کھلاڑیوں اور دیگر شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اپنی کوششوں سے پی ایس ایل 10 کو ممکن بنایا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بورڈ کھلاڑیوں کی ذہنی صحت اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے اہل خانہ کے جذبات کا بھی احترام کرتا ہے، جو انہیں پرامن طور پر وطن واپس آتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
پی سی بی نے عندیہ دیا ہے کہ جیسے ہی حالات معمول پر آئیں گے، پی ایس ایل کے میچز کی نئی تاریخوں کا اعلان کر دیا جائے گا۔