لاہور:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں سیزن کے دوران ملتان میں شیڈول دو میچز کے شیڈول میں رد و بدل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملتان میں شدید گرمی کے پیش نظر میچز کے اوقات میں تبدیلی کا فیصلہ متوقع ہے۔
اطلاعات کے مطابق، ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں یکم اور 10 مئی کو دن کے وقت کھیلے جانے والے میچز کو رات کے وقت منتقل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ مجوزہ منصوبے کے تحت، یکم مئی کو ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان ہونے والا میچ اب 6 مئی کو کروائے جانے کا امکان ہے۔
اسی طرح، 10 مئی کو شیڈول ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ اب 11 مئی کو کھیلا جا سکتا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پی ایس ایل میچز کو ملتان سے لاہور منتقل کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی تھی، تاہم اس درخواست کو مسترد کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر دونوں میچز کو ری شیڈول کرنے پر بات ہو رہی تھی، تاہم اب ممکنہ طور پر صرف ایک میچ کا شیڈول بدلا جائے گا۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل ہو چکی ہے اور حتمی فیصلہ جلد متوقع ہے۔