ابوظہبی : متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے ایران کی جانب سے کیے گئے حالیہ فضائی حملوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملکی دفاعی نظام نے دشمن کے 90 فیصد سے زائد حملوں کو فضا میں ہی ناکام بنا دیا ہے۔
ترجمان وزارتِ دفاع نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ ایرانی حملے میں 174 بیلسٹک میزائل شامل تھے، جن میں سے 161 کو اماراتی دفاعی حصار نے کامیابی سے تباہ کر دیا۔ بقیہ 13 بیلسٹک میزائل سمندر میں جا گرے، جس سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
مزید برآں، ایران کی جانب سے بھیجے گئے 689 ڈرونز میں سے 645 کو سرحد عبور کرنے سے پہلے ہی روک لیا گیا۔ حملے میں شامل تمام 8 کروز میزائل بھی فضا میں ہی تباہ کر دیے گئے۔
وزارتِ دفاع نے واضح کیا ہے کہ اماراتی سرزمین پر کوئی بھی ایرانی میزائل یا ڈرون براہِ راست اپنے ہدف پر نہیں گرا۔ ترجمان کے مطابق جو بھی نقصان ہوا، وہ تباہ شدہ میزائلوں اور ڈرونز کا ملبہ گرنے کی وجہ سے ہوا۔ ہماری دفاعی ڈھال نے کسی بھی میزائل کو براہِ راست زمین سے ٹکرانے نہیں دیا۔ان واقعات میں 3 افراد کی ہلاکت اور 68 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، جبکہ کچھ رہائشی علاقوں میں املاک کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
ترجمان نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ متحدہ عرب امارات اپنی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ملکی دفاعی نظام مکمل طور پر فعال اور کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔