اسلام آباد :آزاد کشمیر میں حقوق کی آڑ میں انتشار پھیلانے والی کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی ساکھ خاک میں مل گئی ہے۔ تنظیم کے انتہائی اہم اور مرکزی رکن سید فیصل گیلانی نے نام نہاد تحریک کے پرتشدد ایجنڈے کو بے نقاب کرتے ہوئے اس سے مکمل اور غیر مشروط لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔
سید فیصل گیلانی نے راولاکوٹ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور نجی املاک پر ہونے والے حالیہ پرتشدد حملوں پر گہرے دکھ اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس سازش کا حصہ بننے سے صاف انکار کر دیا ہے۔
سید فیصل گیلانی کا کہنا تھا کہ "ہم عوامی مفادات اور جائز مطالبات کے حل کے لیے اس کمیٹی کے ساتھ کھڑے ہوئے تھے، لیکن افسوس کہ کچھ عناصر نے اس فورم کو اپنے اصل راستے سے بھٹکا دیا ہے۔ انہوں نے کھل کر اعتراف کیا کہ اب اس کالعدم کمیٹی کی آڑ میں معصوم شہریوں کے خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے اور ریاست میں بے امنی پھیلائی جا رہی ہے، جس کی حمایت کوئی بھی ذی شعور انسان نہیں کر سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے غیور اور امن پسند عوام نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے پرتشدد اور ریاست مخالف بیانیے کو جڑ سے مسترد کر کے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کسی بیرونی یا اندرونی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے۔