Wed, September 16, 2026

براڈ پیک حادثہ: جاں بحق کوہ پیماؤں کی یاد میں اسلام آباد میں شمعیں روشن

براڈ پیک حادثہ: جاں بحق کوہ پیماؤں کی یاد میں اسلام آباد میں شمعیں روشن

اسلام آباد: براڈ پیک پر پیش آنے والے المناک حادثے میں جان سے جانے والے کوہ پیماؤں کی یاد میں ایف نائن پارک میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جہاں شرکاء نے شمعیں روشن کرکے مرحومین کو خراج عقیدت پیش کیا۔

پاتو کے زیر اہتمام ہونے والی تقریب میں جاں بحق کوہ پیماؤں کے اہل خانہ، شہریوں، کوہ پیمائی اور سیاحت سے وابستہ افراد سمیت دیگر شعبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران شرکاء نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔

اس موقع پر پاکستانی اور غیر ملکی کوہ پیماؤں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی قربانیوں کو یاد کیا گیا۔ شمعیں روشن کرنے کے عمل کے ذریعے متاثرہ خاندانوں اور عالمی کوہ پیمائی برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا گیا۔

نیپال کے سفیر نے براڈ پیک سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں قیمتی جانوں کا ضیاع پوری عالمی کوہ پیمائی برادری کے لیے انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے جاں بحق کوہ پیماؤں کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

نیپالی سفیر نے کہا کہ بلند پہاڑوں پر کوہ پیمائی کے دوران حفاظتی انتظامات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق مشکل اور خطرناک پہاڑی علاقوں میں ریسکیو کی سہولیات اور ہنگامی امدادی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جانا چاہیے۔

تقریب میں کوہ پیماؤں، ان کے اہل خانہ اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ براڈ پیک سانحے میں جان گنوانے والے کوہ پیماؤں کی یاد کو فراموش نہیں کیا جائے گا اور عالمی کوہ پیمائی برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

ٹیگز: