اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلی فون کیا، جس میں عالمی و علاقائی امن کے قیام اور خاص طور پر امریکا ایران کشیدگی کے خاتمے کے حوالے سے اہم گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کو 'اسلام آباد معاہدے' کے پس پردہ محرکات اور امریکا ایران جنگ بندی میں پاکستان کے کلیدی کردار سے متعلق اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کا مقصد خطے کو ایک ہولناک جنگ سے بچانا تھا جس میں کامیابی ملی ہے۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم اور ان کی ٹیم کی اس تاریخی کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دانشمندانہ سفارتی حکمت عملی نے ثابت کر دیا کہ ہم امن کے علمبردار ہیں۔ اس مؤثر مداخلت کی بدولت دنیا ایک ممکنہ عالمی جنگ کے دہانے سے واپس آگئی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے وزارت خارجہ اور متعلقہ حکام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد معاہدہ پاکستان کے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی وقار کی علامت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی مفاد اور عالمی امن کے لیے پوری قوم اور سیاسی قیادت متحد ہے۔