اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں آج سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہوں گی جہاں وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان آج دوپہر ایک اہم ملاقات طے پا گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور صوبائی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔اس اہم بیٹھک میں وفاق اور صوبوں کے درمیان مالیاتی ہم آہنگی پر توجہ دی جائے گی۔ بلاول بھٹو زرداری وفاقی حکومت سے صوبوں، بالخصوص سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص فنڈز کے فوری اجراء کا مطالبہ کریں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی وزیراعظم ہاؤس پہنچیں گے تاکہ صوبائی حکومت کے تحفظات اور مالیاتی ضروریات کا کیس براہِ راست پیش کیا جا سکے۔ ملاقات میں اتحادی حکومت کے مستقبل کے لائحہ عمل اور اہم قومی فیصلوں پر بھی مشاورت متوقع ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی موجودگی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ملاقات کا ایجنڈا محض سیاسی نہیں بلکہ انتظامی اور مالیاتی طور پر انتہائی اہم ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے وفاق سے سیلاب زدگان کی بحالی اور جاری ترقیاتی اسکیموں کے لیے مالی تعاون کی درخواست کی جائے گی۔