اسلام آباد : پاکستان نے امریکا کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور امریکا کی جانب سے عائد کیے گئے نئے ٹیرف پر گفتگو کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کا وفد امریکا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں ملکی برآمدات بڑھانے اور امریکا کے نئے ٹیرف پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان کا سفارتخانہ امریکا کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور اس حوالے سے امریکا سے بات چیت جاری ہے۔ سٹیئرنگ کمیٹی اور ورکنگ گروپ کی رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس میں امریکا کے ٹیرف کے اثرات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بات کی گئی۔
وزیراعظم نے وفد کی تشکیل کے دوران کاروباری شخصیات اور برآمد کنندگان کو اس کا حصہ بنانے کی ہدایت کی، تاکہ پاکستان اور امریکا کے تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا امریکا کے ساتھ تجارتی رشتہ طویل عرصے سے قائم ہے، اور حکومت امریکا کے ساتھ اس شراکت داری کو مزید مضبوط کرنا چاہتی ہے۔
اس اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، مشیر وزیراعظم سید توقیر شاہ، معاونین خصوصی طارق فاطمی، ہارون اختر، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔