Wed, September 16, 2026

وزیراعظم شہباز شریف افغان جارحیت کے تناظر میں اعلیٰ سطح اجلاس آج طلب کرلیا

 وزیراعظم شہباز شریف افغان جارحیت کے تناظر میں اعلیٰ سطح اجلاس آج طلب کرلیا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے مغربی سرحد پر افغان طالبان کی جارحیت اور ملک بھر میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کے تناظر میں اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں ملک کی سیاسی قیادت سر جوڑ کر بیٹھے گی۔

اس اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بھی شریک ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں افغان طالبان کے حملوں سے پیدا ہونے والی سکیورٹی صورتحال پر تفصیل سے بات کی جائے گی، جبکہ پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کی واپسی کے حوالے سے بھی اہم فیصلے متوقع ہیں۔

سیلاب کی تباہ کاریوں پر بھی خصوصی طور پر بات چیت ہوگی، اور متاثرہ علاقوں کی بحالی کے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ گندم پالیسی اور زرعی مسائل بھی اجلاس میں زیر بحث آئیں گے، تاکہ خوراک کی کمی اور زرعی مشکلات کا حل نکالا جا سکے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ حکومت ان دونوں مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے موثر حکمت عملی اختیار کرے گی، تاکہ عوام کو مشکلات سے نجات مل سکے۔ اجلاس کے بعد اہم فیصلے کیے جانے کی توقع ہے۔

ٹیگز: