کراچی : صوبائی وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ’معرکہِ حق‘ میں پاک فضائیہ نے بھارت کے نام نہاد دفاعی ناقابلِ تسخیر ہونے کا ڈھونگ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دشمن نے اپنی جس جس چیز پر ناز کیا، پاکستان نے اسے چند گھنٹوں میں ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا۔
سعید غنی نے پاک فضائیہ کے تاریخی معرکے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا پاکستان نے بھارت کے جدید ترین 4 رافیل طیاروں سمیت مجموعی طور پر 8 جنگی جہاز مار گرائے۔
بھارتی ایئر ڈیفنس سسٹم کو مکمل طور پر جام کر کے تباہ کر دیا گیا، جس کے بعد بھارت نے بوکھلا کر امریکہ کے سامنے جنگ رکوانے کے لیے ہاتھ جوڑے۔ بھارتی میڈیا جو لاہور اور کراچی پر قبضے کے دعوے کر رہا تھا، اسے اپنی ہی قیادت کی شکست پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ معرکہِ حق میں جتنا بڑا معرکہ میدانِ جنگ میں تھا، اس سے بڑا معرکہ سفارتی محاذ پر تھا۔ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو نے عالمی میڈیا پر پاکستان کا مقدمہ لڑا اور بھارتی میڈیا کو ان کی اپنی زبان میں جواب دے کر خاموش کرایا۔ شکست کے بعد اب مودی کی تقریر میں بھی مقبوضہ کشمیر کا لفظ آنے لگا ہے، کیونکہ انہیں سمجھ آ گئی ہے کہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں بقا ممکن نہیں۔
سعید غنی نے الزام عائد کیا کہ پہلگام واقعہ کے پیچھے حقیقت میں بھارت خود ہے، یہی وجہ ہے کہ ایک سال گزرنے کے باوجود وہ کوئی ایک ثبوت بھی فراہم نہیں کر سکا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں دہشت گردی کے پیچھے بھی بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ کام کر رہا ہے۔
سی ویو پر ہونے والے عظیم الشان پروگرام کے بارے میں ان کا کہنا تھا پیپلز پارٹی کراچی کے تحت ہونے والے اس پروگرام میں ملک کے ٹاپ فنکار شرکت کریں گے۔ انتظامیہ سے تمام اجازت نامے حاصل کر لیے گئے ہیں تاکہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے فتح کا جشن منایا جا سکے۔