لاہور: پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے واضح کیا ہے کہ صوبے بھر کے تمام سکول، کالجز، یونیورسٹیاں اور میڈیکل کالجز آج جمعرات کے روز معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی چھٹیوں کی خبریں مکمل طور پر جھوٹی اور گمراہ کن قرار دی گئی ہیں۔
وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ ایک جعلی نوٹیفکیشن کے ذریعے 10 مئی تک چھٹیاں دکھائی گئیں، لیکن ایسی کوئی سرکاری ہدایت جاری نہیں کی گئی۔ میٹرک کے عملی امتحانات اور انٹرمیڈیٹ کے تمام پرچے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید نے بھی تصدیق کی ہے کہ تمام کالجز اور یونیورسٹیز معمول کے مطابق کھلی رہیں گی۔ محکمہ صحت نے بھی بتایا کہ میڈیکل کالجز میں تدریسی سرگرمیاں جاری ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بھی سوشل میڈیا پر جاری ایک پوسٹ میں جعلی نوٹیفکیشن کی نشاندہی کی اور واضح کیا کہ اس قسم کی خبروں پر یقین نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال چھٹیوں میں اضافے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، اگر صورتحال تبدیل ہوئی تو حکومت بروقت فیصلہ کرے گی۔ حکام نے والدین، طلبا اور اساتذہ کو مشورہ دیا ہے کہ صرف مستند ذرائع سے حاصل شدہ معلومات پر یقین کریں اور افواہوں سے بچیں۔