اسلام آباد : پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے ملائیشیا کا اہم سرکاری دورہ کیا ہے، جہاں انہوں نے ملائیشین بحریہ کی قیادت کے ساتھ خطے کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملائیشین نیوی ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر پاک بحریہ کے سربراہ کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ایڈمرل نوید اشرف نے ملائیشین نیوی چیف سے ملاقات کی جس میں پیشہ ورانہ امور اور باہمی دلچسپی کے معاملات زیرِ بحث آئے۔
دورانِ ملاقات ملائیشین حکام نے خطے میں بحری استحکام اور سمندری تحفظ کے حوالے سے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کاوشوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا۔ دونوں رہنماؤں نے بحری مشقوں اور تربیتی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔