اسلام آباد: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے حال ہی میں امریکہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امریکی بحریہ اور سول قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور میری ٹائم تعاون کو مزید فروغ دینا تھا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے دورے کے دوران امریکی نیول اسٹاف کے ڈپٹی چیف اور امریکی کوسٹ گارڈ کے وائس کمانڈنٹ سے ملاقاتیں کیں، جہاں پیشہ ورانہ تربیت، علاقائی سکیورٹی اور میری ٹائم تعاون پر بات چیت کی گئی۔ نیول چیف نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا اور وہاں کے صدر وائس ایڈمرل پیٹر اے گارون سے ملاقات کی۔
ایڈمرل نے امریکی محکمہ خارجہ کا بھی دورہ کیا، جہاں سٹینلے ایل براؤن سے ملاقات میں دونوں ممالک کے دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر گفتگو کی۔ اس کے علاوہ، ایڈمرل نوید اشرف نے امریکی سکالرز اور تھنک ٹینک کے ماہرین سے بھی ملاقات کی اور علاقائی میری ٹائم سکیورٹی چیلنجز پر روشنی ڈالی۔