Wed, September 16, 2026

کراچی میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کا آغاز ہوگیا

 کراچی میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کا آغاز ہوگیا

کراچی : کراچی میں ثانوی تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات آج سے شروع ہو گئے ہیں۔ امتحانات کے دوران ضروری سامان کی ترسیل کا عمل بھی جاری ہے، جس میں بورڈ کے افسران امتحانی پرچوں کو حب سینٹرز تک پہنچا رہے ہیں۔ سینٹر کنٹرول افسران ان پرچوں کو امتحانی مراکز تک پہنچائیں گے اور پورے امتحان کے دوران سینٹرز میں موجود رہیں گے۔

اس سال تین لاکھ 75 ہزار طلبہ و طالبات امتحانات میں شریک ہیں، جن کے لیے 499 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 256 طلبہ کے لیے اور 243 طالبات کے لیے مخصوص ہیں۔ یہ مراکز کراچی کے مختلف 18 ٹاؤنز میں قائم کیے گئے ہیں۔ امتحانات کے دوران طلبہ و طالبات کو موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، اور خلاف ورزی کی صورت میں موبائل فون ضبط کر لیے جائیں گے۔

امتحانی مراکز کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو خطوط بھیجے گئے ہیں، اور بیرونی مداخلت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، امتحانات کے دوران فوٹو اسٹیٹ مشینوں کو بند رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

بورڈ نے امتحانات کی نگرانی کے لیے رپورٹنگ سیل قائم کیا ہے، اور نقل کی روک تھام کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ جمع کرائیں گی۔ مزید برآں، لوڈشیڈنگ سے بچنے کے لیے بورڈ نے کے الیکٹرک انتظامیہ سے تحریری درخواست بھی کی ہے۔

آن لائن ایڈمٹ کارڈ اور امتحانی مراکز کی فہرست بھی جاری کی گئی ہے، اور ویجیلنس ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر امتحانی مراکز کا دورہ کریں گی تاکہ کسی بھی قسم کی خرابی سے بچا جا سکے۔

ٹیگز: