تہران :وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کر کے انہیں پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کا انتہائی اہم اور خصوصی مکتوب پہنچا دیا ہے۔ یہ خط وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے ایرانی سپریم لیڈرکے لیے ارسال کیا گیا تھا، جسے محسن نقوی نے عباس عراقچی کے حوالے کیا۔ ایران امریکہ حالیہ جنگ کے بعد وفاقی وزیر داخلہ کا یہ چوتھا دورہِ ایران ہے، جس کا مقصد خطے میں جاری سفارتی کوششوں کو تیز کرنا ہے۔
ملاقات کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے مابین ایران امریکہ بالواسطہ مذاکرات اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور سفارت کاری کے فروغ کے لیے اپنا مخلصانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کے وژن اور کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے اسے سراہا۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق، وزیر خارجہ سے ملاقات سے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سے بھی تفصیلی ملاقات کی تھی، جس میں پاک ایران سرحد کی سکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی اور باہمی انٹیلی جنس شیئرنگ کو مزید فعال بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ ایرانی میڈیا نے اس چوتھے دورے کو دونوں ممالک کے مابین سکیورٹی اور سفارتی محاذ پر بڑھتے ہوئے تزویراتی اعتماد کی اہم کڑی قرار دیا ہے۔