Wed, September 16, 2026

جاپان کی یونیورسٹیوں میں ٹیچرز ٹریننگ کے لیے پاکستانی اساتذہ کی اسکالرشپ

جاپان کی یونیورسٹیوں میں ٹیچرز ٹریننگ کے لیے پاکستانی اساتذہ کی اسکالرشپ

اسلام آباد: حکومتِ جاپان نے پاکستانی اساتذہ کے لیے میکسٹ ٹیچرز ٹریننگ اسکالرشپ 2026 شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اسکالرشپ کے تحت ان اساتذہ کو منتخب کیا جائے گا جو اسکول ایجوکیشن کے شعبے میں تحقیق اور پیشہ ورانہ تربیت حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں اور جاپان کی جامعات میں تدریسی طریقہ کار کا عملی تجربہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، منتخب امیدوار جاپان کی کسی یونیورسٹی میں نان ڈگری پروگرامز کے تحت ٹیچرز ٹریننگ اور تحقیق میں حصہ لیں گے۔ یہ پروگرام بیچلر، ماسٹرز یا پی ایچ ڈی ڈگری کی شکل میں نہیں ہوگا، بلکہ یہ مکمل طور پر اسکول ایجوکیشن میں پیشہ ورانہ تربیت اور تحقیق کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ پروگرام کے اختتام پر کامیاب شرکاء کو سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔

یہ اسکالرشپ جاپان کی وزارتِ تعلیم، ثقافت، کھیل، سائنس اور ٹیکنالوجی (میکسٹ) کی طرف سے پیش کی جا رہی ہے۔ اعلامیے میں وضاحت کی گئی ہے کہ یہ پروگرام عموماً اکتوبر میں شروع ہوتا ہے اور اس سے پہلے جاپانی زبان کی تربیت فراہم کی جائے گی کیونکہ زیادہ تر کورسز اور تحقیق جاپانی زبان میں کی جاتی ہے۔

اہلیت کے معیار کے مطابق درخواست گزار کی تاریخ پیدائش 2 اپریل 1991 یا اس کے بعد کی ہونی چاہیے۔ امیدوار کے پاس یونیورسٹی ڈگری یا ٹیچر ٹریننگ کا تجربہ ہونا ضروری ہے، اور اس کے ساتھ ہی یکم اکتوبر 2026 تک کم از کم پانچ سال کا تدریسی تجربہ کسی پرائمری یا سیکنڈری سطح پر، یا کسی ٹیچر ٹریننگ ادارے میں حاصل ہونا چاہیے۔ تاہم یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اس اسکالرشپ کے لیے درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔

اس کے علاوہ، امیدوار کو غیر ملکی ماحول میں رہ کر تقریباً 18 ماہ تک تعلیم اور تحقیق کرنے کی صلاحیت ہونی چاہیے، اور جاپانی زبان سیکھنے کی مکمل آمادگی بھی ضروری ہے۔

درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 فروری 2026 ہے۔ مزید تفصیلات اور درخواست دینے کے طریقہ کار کے بارے میں معلومات پاکستان میں جاپان کے سفارت خانے کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔

ٹیگز: