ممبئی: بالی ووڈ اداکار عمران خان نے بالی ووڈ کے تین بڑے ستاروں، شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان، کو نوجوانوں کے ذوق کے مطابق اپنے کرداروں میں تبدیلی کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں 43 سالہ عمران خان نے کہا کہ یہ تینوں اداکار پچھلے تین دہائیوں سے بالی ووڈ پر غالب ہیں، مگر اب وقت آ گیا ہے کہ وہ اپنے کرداروں میں جدت لائیں کیونکہ نوجوان نسل اب 70 سال کے اداکاروں کو مرکزی ہیرو کے طور پر نہیں دیکھنا چاہتی۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ایک خاص عمر کے بعد، مرکزی ہیرو کا کردار نوجوان ناظرین کے لیے پرکشش نہیں رہتا۔ نوجوان نسل خود کو ان کہانیوں اور کرداروں سے زیادہ جڑتی ہے جو ان کی عمر اور تجربات سے ہم آہنگ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سنیما میں تبدیلی فطری عمل ہے اور تینوں خانز کی شہرت اور وراثت بے مثال ہے، لیکن عمر کے ساتھ ان کے کرداروں اور ستاروں کی نوعیت میں تبدیلی ضروری ہے۔
عمران خان نے یہ بھی مشورہ دیا کہ اب تینوں خانز کو ہیرو کے بجائے معاون یا مختلف نوعیت کے کرداروں کی طرف قدم بڑھانا چاہیے، کیونکہ یہی تبدیلی موجودہ ناظرین کے ساتھ بہتر تعلق قائم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب خانز کو باکس آفس پر ملے جلے نتائج کا سامنا ہے، جو اس بات کا اشارہ ہیں کہ ناظرین کی ترجیحات بدل چکی ہیں۔